کیڈٹ کالج وانا پر حملہ ناکام بنانے کے حوالے سے آپریشن کمانڈر کرنل محمد طاہر نے تفصیلات بیان کر دیں۔
آپریشن کمانڈر کا کہنا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے دھماکا کیا، دیگر خوارج نے گیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی، خوارج نے پہلے زیر تعلیم بچوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔
کرنل محمد طاہر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے خوارج کا حملہ ناکام بنا دیا، ہم نے دہشت گردوں کو مخصوص بلاک میں محدود کر دیا، رات 10سے ساڑھے 10 بجے کے قریب خوارج کے خلاف بھرپور آپریشن کیا۔ آپریشن میں تمام خوارج ہلاک کردیے گئے۔
اس حوالے سے زیرِ تعلیم کیڈٹ کا کہنا ہے کہ ہم عصر کے وقت ڈرل کمپٹیشن کی تیاری کر رہے تھے کہ خود کش دھماکا ہوا، جب خودکش دھماکا ہوا تو سارے کیڈٹس ڈرل کر رہے تھے۔
کیڈٹ کا کہنا ہے کہ اساتذہ نے کہا کہ آپ پُرسکون ہو جائیں اب پاک فوج آگئی ہے، ہمیں معلوم ہو چکا تھا کہ حملہ تعلیم کے دشمنوں نے کیا ہے، پاک فوج کے جوانوں نے ہمیں بحفاظت کالج سے محفوظ مقام پر منتقل کیا، تعلیم کے دشمن کچھ بھی کر لیں، ہمیں تعلیم سے نہیں روک سکتے۔