راولپنڈی (اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی وزیرستان میں وانا کیڈٹ کالج کے تمام 627طلبہ اور اساتذہ کو 14گھنٹے بعد بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، آپریشن کے دوران 2سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے، کالج کے اندر چھپے چاروں خارجی دہشت گردوں جہنم واصل کر دیا گیا، سیکورٹی ذرائع کے مطابق تینوں دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے، جو مسلسل ٹیلیفون پر افغانستان سے ہدایات لے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کیڈٹ کالج وانا پر حملہ آور تمام خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کیڈٹ کالج پر حملہ آور ایک خودکش کے علاوہ چار خوارج کامیاب آپریشن کرکے جہنم واصل کیےگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق اس وقت کالج کی بلڈنگ کو بارودی سرنگوں کے خطرے کی وجہ سے کلیئرکیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ اس کامیاب آپریشن کے دوران کیڈٹ کالج کےکسی بھی طالب علم یا استادکو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔سکیورٹی فورسز نےکالج میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ کیڈٹ کالج پر حملے کے وقت 525 کیڈٹس سمیت تقریباً 627 افراد موجود تھے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ افغان خوارج کی کالج میں موجودگی اورکیڈٹس کی جانوں کی حفاظت کے پیش نظر آپریشن نہایت احتیاط اور حکمت عملی سےکیا گیا۔