بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع امراوتی میں شادی کی تقریب کے دوران اسٹیج پر دولہے کو چاقو کے وار سے زخمی کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پیر کے روز 22 سالہ سجل رام کی شادی کے دوران اس پر چاقو سے حملہ کیا گیا، ملزم راگھو جتیندر بکشے نے دولہا کو اسٹیج پر تین بار چاقو مارا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
تاہم شادی کی ویڈیو بنانے والے ویڈیوگرافر نے حاضر دماغی دکھاتے ہوئے فوراً اپنا ڈرون حملہ آور کے پیچھے لگا دیا۔
ڈرون نے تقریباً دو کلومیٹر تک اس کا تعاقب کیا، جب کہ حملہ آور اور اس کا ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کرتے رہے۔
پولیس نے بعد میں ڈرون کی فوٹیج ضبط کر کے اس کی مدد سے ملزم کی شناخت اور فرار کے راستے کا پتہ لگا لیا۔
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ یہ حملہ شادی کی تقریب میں ڈی جے ڈانس کے دوران ہونے والے معمولی جھگڑے کے بعد ہوا، جس سے ملزم مشتعل ہو گیا تھا۔
پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ زخمی دولہا سجل رام سمودرا اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔