راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے شیئرز فریز کرنے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران چیئرمین ایس ای سی پی نے علیمہ خان کی کمپنیز سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔
عدالت نے دیگر 2 کمپنیوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے رپورٹ جمع نہ کرانے پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور سیکریٹری کوآپریٹوز پنجاب، ڈی جی لینڈ ریکارڈ اتھارٹیز، کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔
عدالت کی جانب سے متعلقہ اداروں کو پہلے ہی علیمہ خان کی جائیداد سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
2 نجی بینکس کے منیجرز کے جاری وارنٹ گرفتاری پر تعمیل کے لیے عدالت کی جانب سے سی سی پی او کراچی اور لاہور کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔
عدالت نے علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کے وارنٹ گرفتاری پر تعمیل کے لیے آر پی او راولپنڈی کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔
راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے مقدمے کی سماعت 17 نومبر تک ملتوی کر دی۔