• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اظفر سے ہونے والے اختلافات نے بیٹی کی ذہنی صحت کو متاثر کیا: سلمیٰ حسن

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ سلمیٰ حسن نے انکشاف کیا ہے کہ سابقہ شوہر اظفر علی کے ہونے والے اختلافات نے بیٹی کی صحت کو جذباتی طور پر متاثر کیا۔

حال ہی میں سینئر اداکارہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں نظر آئیں، جہاں انہوں نے اپنے سابقہ شوہر کے ساتھ اختلافات کے بارے میں کھل کر بات کی جس سے وہ جذباتی طور پر متاثر ہو رہی تھی۔

سلمیٰ حسن نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی فاطمہ صرف 8 ماہ یا 1 سال کی تھی، اس وقت میرے اور اظفر کے اختلافات شروع ہوگئے تھے، جس کا اثر فاطمہ پر مرتب ہونے لگا۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹی نے اتنا غصہ دیکھانا شروع کر دیا تھا کہ وہ غصے میں زمین پر لیٹ جاتی اور اپنے آپ کو اس طرح اکڑالیتی کہ میں اسے چاہ کر بھی اُٹھا نہیں سکتی، پھر سانس روکنا شروع کر دیتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تقریباً 7 سے 8 ماہ اس کا سامنا کیا اور پھر ماہرین نفسیات سے رجوع کیا، جنہوں نے مجھے بتایا کہ یہ مسئلہ فاطمہ کا نہیں میرا ہے، میرے جذبات اس پر اثرانداز ہو رہے ہیں، جس کا مظاہرہ وہ کر رہی ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ پہلے میں سمجھتی تھی کہ ڈاکٹر صرف یونہی ایسا کہہ رہی ہے، میں نے ان باتوں کو ماننے سے انکار کر دیا، لیکن جب معاملہ ہاتھوں سے نکلنے لگا تو مجھے سمجھ آنے لگی کی ڈاکٹر نے صحیح کہا تھا مسئلہ میرے ساتھ ہی ہے، اس وقت میں نے تھراپی لینا شروع کی تو معاملات سنبھلنے شروع ہوئے۔

واضح رہے کہ اداکارہ سلمیٰ ظفر اور اداکار اظفر علی 2001 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے، ان کی ایک بیٹی فاطمہ ہے۔ یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور 2012 میں سلمیٰ اور اظفر کے درمیان طلاق ہو گئی تھی۔

بعد ازاں اظفر علی نے 2012 ہی میں اداکارہ نوین وقار سے شادی کرکے تمام انڈسٹری سمیت اپنے مداحوں کو چونکا کر رکھ دیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید