چین کے صوبے اُناناہ میں واقع ایک مچھلی فارم اِن دنوں اپنے غیر معمولی طریقۂ کار کے سبب سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی شہر چانگشا میں واقع فارم ہاؤس میں مچھلیوں کو روزانہ تقریباً 5 ہزار کلو مرچیں کھلائی جاتی ہیں۔
فارم کے مالکان کا دعویٰ ہے کہ اس سے مچھلیوں کا ذائقہ بہتر ہوتا ہے اور ان کی رنگت زیادہ چمکدار نظر آتی ہے۔
فارم میں واقع 10 ایکڑ پر مشتمل تالاب 40 سالہ کسان جیانگ شینگ اور اِن کے ساتھی کُوانگ کے زیرِ انتظام ہے۔
دونوں کا کہنا ہے کہ ہم 2 ہزار سے زائد مچھلیاں پال رہے ہیں اور اِنہیں مختلف اقسام کی مرچیں کھلاتے ہیں۔
فارم کے مالک کُوانگ کا کہنا ہے کہ مچھلیاں خود گھاس کے بجائے مرچیں کھانا پسند کرتی ہیں جبکہ جیانگ کے مطابق مچھلیوں میں انسانوں جیسی ذائقے کی حِس نہیں ہوتی، وہ خوراک کو زیادہ تر سونگھ کر پہچانتی ہیں، اس لیے مرچ کا تیکھا پن اِنہیں تکلیف نہیں دیتا۔
فارم مالکان کا دعویٰ ہے کہ مرچوں میں موجود وٹامنز مچھلیوں کی نشوونما کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں، مرچیں کھانے سے مچھلیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے اور یہ تیزی سے بڑی ہوتی ہیں۔
فارم کے مالکان کا کہنا ہے کہ مرچوں کا بطور غذا استعمال مچھلی کے گوشت کو نسبتاً نرم اور مزیدار بناتا ہے۔