پاکستان کی سُپر اسٹار، عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے کراچی کو ’ماں‘ سے تشبیہ دے دی۔
ان دنوں اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار فواد خان اپنی آنے والی فلم ’نیلوفر‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، حال ہی میں اس حوالے سے ایک تقریب کے دوران اداکارہ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کی۔
اداکارہ صبا قمر کے کراچی سے متعلق بیان کے تناظر میں دوران گفتگو اداکارہ ماہرہ خان سے صحافی نے سوال پوچھا کہ بعض لوگ کراچی کو گندہ کہتے ہیں اور کراچی نہیں آنا چاہتے اس پر آپ کا کیا خیال ہے؟
صحافی کے سوال پر ماہرہ خان نے کہا کہ میں یہاں پیدا ہوئی ہوں، یہاں بڑی ہوئی ہوں، مجھے اپنا شہر بہت اچھا لگتا ہے، سب کو اپنا شہر اچھا لگتا ہے، کیونکہ اس جگہ سے سب کی اپنی اپنی یادیں جڑی ہوتی ہیں، آپ کے والدین کا گھر یہاں ہے آپ کے دادا دادی کا گھر، نانی کا گھر یہاں ہے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ابتداً صبا قمر کے بیان سے لاعلمی کا اظہار کیا، تاہم بعد میں انہوں نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ان کے بیان کو لوگوں نے غلط طریقے سے لے لیا کیونکہ سب کو اپنا شہر اچھا لگتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے، میں جب لاہور جاتی ہوں تو میں کہتی ہوں کہ ’کیا بات ہے‘ یہ اقبال کا شہر ہے، انہوں نے فوراً اپنا جملہ درست کرتے ہوئے کہ اقبال کا تعلق سیالکوٹ سے تھا، لیکن لاہور ادب کا شہر ہے، رومانوی شہر ہے۔
ماہرہ خان نے کراچی کی خاصیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اس ماں کی طرح ہے جو اپنی باہیں پھیلا کر سب کو خوش آمدید کہتا ہے، لوگ بہت سی چیزیں یہاں سے لے جاتے ہیں اور کئی مرتبہ بہت برا سلوک بھی اختیار کرتے ہیں لیکن یہ شہر ماں کی طرح انہیں معاف کرتا ہے اور دوبارہ خوش آمدید کہتا ہے، یہی اس شہر کی خوبصورتی ہے۔