بھارت کو جنوبی افریقہ کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں بڑا دھچکا لگا ہے، کپتان شبھمن گل گردن کی انجری کے باعث ممکنہ طور پر باقی میچ سے باہر ہوسکتے ہیں۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے روز شبھمن گل صرف 4 رنز بنا کر میدان سے باہر چلے گئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
بھارتی کپتان کو یہ انجری جنوبی افریقی اسپنر سائمن ہارمر کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کے دوران آئی، جس کے نتیجے میں ان کی گردن میں شدید کھچاؤ پیدا ہوگیا، ڈریسنگ روم میں ابتدائی طبی امداد کے دوران انہیں گردن پر کالر پہنایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شبھمن گل کو بیٹنگ کے بعد گردن میں تکلیف اور حرکت میں رکاوٹ محسوس ہوئی، جس کے باعث صورت حال تشویشناک ہو گئی، بعد ازاں ہفتے کی شام سروائیکل کالر میں انہیں اسپتال جاتے دیکھا گیا۔
شبھمن گل فی الحال ڈاکٹرز کی زیرِ نگرانی رہیں گے اور انجری کی شدت جاننے کے لیے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے جس کے بعد علاج اور دستیابی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔