• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردن کے شاہ عبداللّٰہ دوم کا گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ

اردن کے فرماں روا اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر شاہ عبداللّٰہ دوم نے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دیگر سینئرحکام کے ہمراہ شاہی مہمانوں کا استقبال کیا، اردن کے فرماں روا کے ہمراہ شہزادی سلمیٰ بنت عبداللّٰہ اور اردن کے سول و عسکری حکام کا وفد بھی تھا۔

شاہ عبداللّٰہ دوم کو جی آئی ڈی ایس کے ڈھانچے، صلاحیتوں اور مصنوعات کے پورٹ فولیو پر بریفنگ دی گئی، پاکستان کی مقامی دفاعی پیداوار، تکنیکی جدت اور دفاعی تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا گیا۔

—فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
—فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

شاہ عبداللّٰہ دوم نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا بھی دورہ کیا، وزیرِاعظم شہباز شریف بھی اس موقع پر موجود تھے، شاہ عبداللّٰہ نے تربیت کے اعلیٰ معیار، پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا۔

انہوں نے شریک دستوں اور فضائی عملے کی عملی قابلیت و تیاری کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان اور اردن کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری پر زور دیا۔

—فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
—فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

فیلڈ مارشل نے اردن کے ساتھ عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایک پُر امن اور مستحکم خطے کے مشترکہ وژن کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

شاہِ اردن نے آرمی چیف کو آرڈر آف دی ملٹری میرٹ (فرسٹ ڈگری) سے نوازا، ایوارڈ پاکستان اور اردن کے درمیان فوجی تعاون مضبوط بنانے میں ان کی شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔

—فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
—فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

وزیرِاعظم شہباز شریف نے شاہ عبداللّٰہ دوم اور اردنی عوام کے لیے گہرے احترام اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اورامن و ترقی کی مشترکہ خواہش کا مظہر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے وزیرِ دفاعی صنعت ووگار ویلِہ اوغلو مصطفیٰ ایوف بھی مہمانوں میں شامل تھے، شاہ عبداللّٰہ اور دیگر معزز مہمانوں نے مشترکہ فائر اور مینوور مشق کا مظاہرہ دیکھا۔

قومی خبریں سے مزید