امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر چکاشا میں بلدیہ اور پبلک لائبریری نے ایک منفرد اور انسان دوست پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت شہری ٹریفک خلاف ورزیوں اور لائبریری کے زائد المیعاد کتابوں کے جرمانے ختم یا کم کرانے کے لیے کھانے پینے کی اشیاء عطیہ کر سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق نومبر کے باقی دنوں اور پورے دسمبر کے دوران شہری ٹریفک چالان، میونسپل خلاف ورزیاں اور لائبریری فیس میں رعایت حاصل کرنے کے لیے خراب نہ ہونے والی خوراک جمع کرا سکتے ہیں۔
بلدیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ شہری اب فوڈ فار فائن پروگرام کے تحت کمیونٹی کی خدمت بھی کر سکیں گے اور اپنے جرمانے میں رعایت بھی حاصل کر سکیں گے۔
بلدیہ کی عدالت نے 26 نومبر تک اس پروگرام کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ہر خوراک پر مبنی آئٹم کے عوض 10 ڈالر جرمانہ کم کیا جائے گا، جبکہ زیادہ سے زیادہ 100 ڈالر تک رعایت دی جا سکتی ہے۔
گزشتہ سال اس پروگرام میں 30 افراد نے حصہ لیا اور عطیہ کی گئی خوراک کی مالیت جرمانہ رعایت کی صورت میں 2,826 ڈالر تک پہنچی، جس میں ایسے لوگ بھی شامل تھے جنہوں نے مطلوبہ ضرورت سے زیادہ عطیہ کیا یا بغیر کسی جرمانے کے محض خدمت کے جذبے سے حصہ لیا۔