• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں 31 دسمبر تک شادی کرنے والوں کو کیش انعام ملے گا

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

چین میں شادی کرنیوالے جوڑوں کیلئے خصوصی انعام کا اعلان  کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ مشرقی شہر نِنگبو میں 28 اکتوبر سے 31 دسمبر کے درمیان اپنی شادی رجسٹر کرنے والے جوڑوں کے لیے خصوصی واؤچر جاری کیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ حکام کی جانب سے  نوجوان جوڑوں کو شادی کرنے اور بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔

خیال رہے کہ چین میں شادیوں میں پچھلے سال ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔ اس کی وجہ بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم کے زیادہ اخراجات کو قرار دیا جارہا ہے۔

نِنگبو کے سول افیئرز ڈپارٹمنٹ نے اپنی آفیشل وی چیٹ پوسٹ میں بتایا کہ نئے شادی شدہ جوڑے ایک ہزار یو آن (تقریباً 40 ہزار پاکستان روپے) مالیت کے واؤچرز حاصل کر سکتے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے دیے جانے والے ان واؤچرز کو شادی کی فوٹوگرافی، تقریبات، ہوٹل کی رہائش اور شادی سے متعلق دیگر شعبوں سمیت کاروبار پر بھی خرچ کیا جا سکتا ہے، یہ واؤچرز محدود مقدار میں ہیں اور پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے۔

اسی طرح کے اقدامات چین کے دیگر مشرقی شہروں میں بھی نافذ کیے گئے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ سال کے آخر تک کیش واؤچرز پیش کیے جائیں گے۔

چینی حکام کے لیے شادی اور بچے کی پیدائش میں دلچسپی کو بڑھانا ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے، چین کی آبادی 1.4 ارب کے ساتھ دنیا میں دوسری سب سے بڑی ہے، مگر بہت تیزی سے بوڑھی ہورہی ہے۔

گزشتہ سال حکام کی جانب سے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات میں کالجوں اور یونیورسٹیوں پر زور دیا گیا تھا کہ وہ شادی، محبت اور خاندان میں اضافے کے بارے میں مثبت خیالات پر زور دینے کے لیے "محبت کی تعلیم" فراہم کریں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید