پشاور ہائی کورٹ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس مہمند میں تعیناتیوں کے خلاف فریقین کو نوٹسز جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس مہمند میں تعیناتیوں کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد نے سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈی ایچ او مہمند میں ہیلتھ ٹیکنالوجسٹ کی بھرتی کا اشتہار 5 فروری کو دیا گیا، اشتہار میں مہمند ڈومیسائل کے حامل افراد کو درخواستیں دینے کا کہا گیا، 33 افراد کو بھرتی کیا گیا تاہم اِن کا تعلق دیگراضلاع سے ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ بھرتی ہونے والوں میں اکثریت نے کوئی ٹیسٹ اور انٹرویو نہیں دیا، درخواست گزاروں کا تعلق مہمند سے ہے اور اِنہیں بھرتی نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ بھرتی کیے گئے افراد کے آرڈر منسوخ کیے جائیں اور میرٹ پر مہمند کے رہائشیوں کو بھرتی کیا جائے۔
عدالت نے چیف سیکریٹری، سیکریٹری ہیلتھ اور ڈی ایچ او مہمند کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔