پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ سابق کرکٹر شاہد آفریدی پاکستان کے اُن معتبر قومی ہیروز میں شامل ہیں جنہوں نے ہمیشہ وطن کی عزت، وقار اور سالمیت کے لیے آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران جس طرح شاہد آفریدی نے پاک فوج اور پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑے ہو کر جرأت اور حب الوطنی سے بھرا مؤقف اختیار کیا، اس کی مثال نہیں ملتی۔ اُن کے بھرپور اور اصولی بیانات نے پوری قوم کے دل جیتے اور اُن کی عزت و مقام میں مزید اضافہ ہوا۔
رانا عابد حسین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سستی شہرت کے بھوکے چند سوشل میڈیا وارئیرز اور یوٹیوبرز جان بوجھ کر قومی ہیروز کی کردار کشی میں مصروف رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اُن کی یہ حرکت ناصرف غیراخلاقی ہے بلکہ پوری قوم کی دل آزاری اور توہین کے مترادف ہے۔ جو لوگ اپنے ہیروز کو نشانہ بناتے ہیں، وہ اخلاقی پستی کا شکار ہیں اور قوم انہیں کبھی قبول نہیں کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کروڑوں پاکستانیوں کا فخر ہیں اور پوری قوم اُن کے ساتھ کھڑی ہے۔
رانا عابد حسین نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور اداروں کو اس سلسلے میں مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ قومی ہیروز کی عزت اور تکریم کو ہر حال میں برقرار رکھا جا سکے۔