• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی ولی عہد کا دورہ امریکا، جمال خاشقجی کی بیوہ کا معافی اور معاوضے کا مطالبہ

کولاج فوٹو: فائل
کولاج فوٹو: فائل

واشنگٹن میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حالیہ دورے کے بعد جمال خاشقجی کی بیوہ حنان الاتر خاشقجی نے ایک بار پھر اپنے شوہر کے قتل پر معافی اور مالی معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

مقتول سعودی صحافی کی بیوہ حنان الاتر نے کہا ہے کہ ولی عہد کی جانب سے قتل کو ’بڑی غلطی‘ قرار دینا کافی نہیں، اِنہیں ذاتی طور پر مل کر معافی مانگنی چاہیے۔

حنان الاتر خاشقجی نے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے شوہر کے قتل پر کوئی وضاحت نہیں دی جا سکتی، جمال خاشقجی ایک بہادر اور صاف گو صحافی تھے جن کی سوچ سے اختلاف ممکن تھا لیکن اِن کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے قتل جیسے قدم کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے امریکی صدر سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اِنہیں سعودی ولی عہد سے مالی تصفیہ حاصل کرنے میں مدد دیں کیونکہ خاشقجی کے قتل نے اِن کی زندگی تباہ کر دی ہے۔ 

حنان الاتر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کو ریاض کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق اور انصاف کے اصولوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

ایک انٹرویو میں مقتول صحافی کی بیوہ نے کہا کہ محمد بن سلمان کو واشنگٹن میں سرکاری سربراہ کی طرح استقبال دیا جانا اِن کے لیے تکلیف دہ لمحہ تھا، اگر جمال خاشقجی زندہ ہوتے تو وہ خود ولی عہد سے ملاقات کر کے اپنے خیالات اور اصلاحات کے بارے میں گفتگو کرتے۔

حنان الاتر کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی ملک کی بہتری کے لیے نئی آوازیں اور نئے خیالات لانا چاہتے تھے لیکن ان کی آواز کو ہمیشہ کے لیے خاموش کردیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی ’حقیقی انصاف‘ کا انتظار ہے۔

پسِ منظر

واضح رہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کے بعد امریکی انٹیلجنس کی رپورٹ میں سعودی صحافی کے قتل کے آپریشن کو براہ راست منظوری ملنے کا اشارہ دیا گیا تھا جسے سعودی حکومت نے مسترد کر دیا تھا۔

دوسری جانب جمال خاشقجی کی لاش آج تک نہیں ملی جبکہ سعودی عرب میں ہونے والے مقدمے میں کئی افراد کو سزائیں سنائی گئیں جن میں سے بعض سزائیں بعد میں تبدیل کر دی گئیں۔

خاشقجی کی بیوہ حنان الاتر نے زور دیا کہ قتل کا اعتراف کافی نہیں بلکہ معافی، ملاقات اور مکمل معاوضہ دیا جانا چاہیے تاکہ اس سانحے کا حقیقی طور پر ازالہ ہو سکے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید