سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے نئے صوبوں کے مطالبے کو سندھ کی وحدت پر حملہ قرار دیا ہے۔
صوبائی وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو نے مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل میں نئے صوبوں کے مطالبے کو ناقابل عمل کہہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کے بیانات غیر سنجیدہ، اشتعال انگیز اور صوبے کے عوام کی خواہشات کے خلاف ہیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم نے نہ صرف صوبوں بلکہ وفاقی ڈھانچے کو مضبوط کیا ہے، مصطفیٰ کمال ذمے دارانہ گفتگو کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی نفرت، تقسیم اور تصادم کی سیاست، سیاسی جماعت کو مزید محدود کردے گی۔