• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ سے اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی کنٹری ڈائریکٹر ایمافین نے وفد کے ساتھ ملاقات کرکے اے ڈی بی کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق ملاقات میں وفد کو بی آر ٹی ریڈ لائن، شہری ٹرانسپورٹ، انفرا اسٹرکچر اور موسمیاتی تحفظ کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

ملاقات میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، جام خان شورو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر شریک تھے۔

وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن منصوبے کے مسائل حل ہونے پر بریفنگ دی جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے اظہار اطمینان کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سندھ حکومت کا دیرینہ اور قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے، ٹرانسپورٹ، پانی، موسمیاتی تحفظ اور انفرا اسٹرکچر میں پائیدار اقدامات جاری رکھیں گے۔

دوران ملاقات وزیراعلیٰ سندھ نے ایشین بینک وفد کو ریڈ لائن منصوبے کی تمام رکاوٹیں دور کرنے اور کام تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اے ڈی بی کنٹری ڈائریکٹر ایمافین نے سندھ حکومت کے عزم اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہری ٹرانسپورٹ، ترقیاتی منصوبوں کے لیے اے ڈی بی شراکت داری جاری رکھیں گے۔

انہوں نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں بی آر ٹی کے حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں کہا کہ کوسٹل ڈویلپمنٹ پروجیکٹ منظوری کے مراحل میں ہے، منصوبہ جلد منظور ہوجائے گا۔

اجلاس میں کراچی کے اہم منصوبے ٹی پی 4 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹی پی 4 کراچی کے لیے اہم منصوبہ ہے، اے ڈی بی تعاون بڑھائے۔

قومی خبریں سے مزید