• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر ترقیاتی بجٹ کو کنٹرول، نئے ٹیکس ریونیو کی شرح نمو بڑھانے پر بھی توجہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ غیرترقیاتی بجٹ کو کنٹرول کررہے ہیں، حکومت نئے ٹیکس ریونیو کی شرحِ نمو بڑھانے پر بھی توجہ دے رہی ہے، صوبے میں پبلک ریسورسز فار انکلوسیو ڈویلپمنٹ (پرِڈ) کا ڈھانچہ قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد صوبے کے اپنے ذرائع آمدن کو بڑھانا، جامع پنشن اصلاحات کو نافذ کرنا اور اسکولوں کیلئے بروقت بجٹ مختص کرنا ہے۔یہ باتیں انہوں نے عالمی بینک کے وفد سے ملاقات میں بتائیں ۔ وفد کی قیادت کنٹری ڈائریکٹر مس بولورما آمگابازار نے کی۔ ملاقات میں محصولات کی وصولی کو مزید مؤثر بنانے، صوبائی آمدنی میں اضافے کیلئے زرعی آمدنی ٹیکس، سیلز ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں شرجیل میمن، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، ناصر شاہ، سردار شاہ، جام خان شورو، محمد علی ملکانی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی اور دیگر شریک تھے۔ عالمی بینک کے وفد میں آپریشنز منیجر ڈراوگیلس، آپریشنز آفیسر حنا سلیم، ڈویلپمنٹ اسپیشلسٹ کامران اکبر اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انسانی ترقی کے شعبے میں سست پیش رفت کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں مشترکہ کاوشوں سے حل تلاش کیے جائیں گے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معیاری تعلیم اور صحت کے اخراجات پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ اسکے ساتھ ساتھ پنشن اصلاحات، جو صوبائی حکومت پہلے ہی متعارف کرا چکی ہے اور سرکاری ادائیگیوں کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے پر بھی کام کیا جائیگا۔

اہم خبریں سے مزید