مس یونیورس پاکستان روما ریاض نے تھائی لینڈ میں ہونے والے مس یونیورس مقابلے کی پریلیمنری راؤنڈ میں شرکت کے بعد پاکستانی پرچم اپنے کندھوں پر لپیٹ کر وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے پاکستانی مداحوں کے لیے محبت سے بھرپور پیغام جاری کیا۔
روما ریاض نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’شکریہ پاکستان، دل کی گہرائیوں سے۔‘
مس یونیورس پاکستان نے کہا کہ ’میں نے اسٹیج سے اترتے ہی یوں محسوس کیا جیسے ایک دعا میرے لبوں سے خود بخود نکل آئی ہو۔‘
انہوں نے دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے پیغام، محبت اور مستقل سپورٹ نے میرا حوصلہ بڑھایا۔‘
روما ریاض کا کہنا تھا کہ ’میں نے ہر روپ میں پاکستان کو ساتھ رکھا اور اپنے لباس کے ذریعے ملک کی ثقافت، روایت اور شناخت کو نمایاں کیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میرا بُرکینی پہننا پاکستان کی ثقافت اور اکثریتی مذہب کو خراجِ تحسین تھا، جبکہ میرا نیشنل کاسٹیوم پاکستانی دستکاری کی عظمت اور لاہور کی شیش محل روایت کی جھلک پیش کرتا تھا، پریلیمنری راؤنڈ میں پہنا گیا گاؤن پاکستان کے مسیحی اور دیگر اقلیتی برادریوں کے وقار اور فخر کی علامت تھی۔‘
روما ریاض نے کہا کہ ’میرے ملبوسات صرف لباس نہیں تھے بلکہ ایمان، شناخت اور ایک ایسی لڑکی کی کہانی تھے جو لاکھوں کی نمائندگی کا خواب دیکھتی ہے۔‘
آخر میں انہوں نے پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ سفر کمال کا نہیں، ہمت کا تھا وہ ہمت جس نے دنیا کو اصل پاکستان دکھایا۔‘
انہوں نے حالیہ دنوں میں اپنی رنگت پر ہونے والی تنقید کے باوجود اس لمحے کو اپنی زندگی کا سب سے فخر کا لمحہ قرار دیا۔