پاکستانی شادیاں عام طور پر پُرتکلف کھانوں اور شاندار تقاریب کے لیے مشہور ہیں، مگر حال ہی میں ایک شادی کا دعوت نامہ سوشل میڈیا پر غیر معمولی اور بامعنی پیغام کے باعث وائرل ہوگیا۔
اس کارڈ کی سب سے نمایاں بات اس پر درج نوٹ تھا جس میں لکھا تھا کہ براہِ کرم ہماری معذرت قبول کریں، ہم نے کھانے کا انتظام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ سوشل میڈیا صارفین کے دلوں کو بھا گیا، بہت سے لوگوں نے اسے خوشگوار تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خوشی کے موقعوں پر دکھاوے کی ضرورت نہیں ہوتی، اصل چیز نیت، دعائیں اور سادگی ہے۔
صارفین نے اس فیصلے کو خاندان کی انکساری اور سادگی کی بہترین مثال قرار دیا اور کہا کہ اگر ایسی روایت اپنائی جائے تو شادیوں میں غیر ضروری اسراف کم کیا جاسکتا ہے، جو مذہبی اور سماجی توازن برقرار رکھنے میں مددگار ہوگا۔
وائرل ہونے والے اس کارڈ نے اس بحث کو بھی جنم دیا ہے کہ جدید دور کی شادیاں مذہبی اصولوں، خاندانی روایات اور موجودہ ثقافتی رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ کی جاسکتی ہیں۔