• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس صرف ایک تاریخ نہیں، بلکہ ایک زندہ روایت، ایک سیاسی تربیت اور ایک عوامی عزم کی تجدید ہے۔ 30 نومبر 1967 وہ دن ہے جب ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کی فرسودہ سیاست کو ایک نئے رخ پر موڑا۔ وہ سیاست جو ڈرائنگ رومز کی مقید فضا میں قید تھی، اسے عوامی چوراہوں، کھلے میدانوں اور مزدور کی بستیوں تک لے آئے۔ اسی دن محنت کش، کسان اور مزدور کو پہلی بار یہ احساس ہوا کہ انکے حقوق پر بھی کوئی بات کرنے والا موجود ہے۔

بھٹو صاحب نے اس دن محض ایک جماعت کی بنیاد نہیں رکھی تھی بلکہ ایک سوچ، ایک کلچر، ایک جدوجہد اور ایک نظریے کو جنم دیا تھا۔ آمریت کے سیاہ دریا کے سامنے جمہوریت کا مضبوط بند باندھنے والی جماعت کا یہ قیام آج بھی پاکستان کے سیاسی سفر میں بنیادی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

یومِ تاسیس منانے کا مقصد دراصل اس مشن کی یاد دہانی ہے جس کیلئے یہ پارٹی وجود میں آئی تھی۔عوامی حقوق، عوامی جدوجہد اور جمہوریت کی بالادستی۔ وقت گزرنے کے ساتھ تحریکیں کمزور نہیں ہوتیں، بلکہ یاد دہانی سے تازہ دم ہوتی ہیں، اور یہی پیپلز پارٹی کا اصل وصف ہے۔ یومِ تاسیس ہر کارکن اور ہر جیالےکیلئے نئے ولولے اور نئی توانائی کا پیغام ہوتا ہے۔

پیپلز پارٹی کا سیاسی کلچر ہمیشہ سے منفرد رہا ہے۔ اپنے اہم دنوں کو شایانِ شان منانا، کارکنوں کو متحرک رکھنا اور عوام کو پارٹی کی خدمات سے آگاہ کرنایہ وہ روایات ہیں جنہوں نے پیپلز پارٹی کو باقی جماعتوں سے ہمیشہ ممتاز رکھا۔ آج دیگر سیاسی جماعتیں بھی اسی کلچر کو اپنانے کی کوشش کر رہی ہیں، مگر جو جذبہ، رنگ، والہانہ پن اور عوامی جوش پیپلز پارٹی کے جلسوں اور تقریبات میں دکھائی دیتا ہے، اسکی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔

یومِ ولادتِ بھٹو شہید کے بعد یومِ تاسیس پیپلز پارٹی سب سے اہم دن ہے۔ یہی وہ دن ہے جب پارٹی نے عام آدمی کے حقوق کی جدوجہد کا آغاز کیا، اور یہی دن آج بھی ہر جیالے کو اس عہد کی تجدید پر مجبور کرتا ہے کہ جمہوریت کی شمع کو کبھی بجھنے نہیں دیا جائے گا۔

اس دن کی مناسبت سے ملک کے ہر کونے کو پارٹی کے رنگوں سے سجایا جانا چاہیے۔ بڑے شہروں سے لے کر گاؤں تک سیمینار، کانفرنسیں اور رنگا رنگ تقریبات منعقد ہوں۔ جیالے اپنے جھنڈوں کے ساتھ ریلیاں نکالیں اور عوام کو بتائیں کہ پیپلز پارٹی نے اس ملک اور اس کے محروم طبقوں کے لیے کیا خدمات سرانجام دی ہیں۔

یومِ تاسیس صرف ایک دن نہیں، ایک پیغام ہےاور وہ پیغام ہے:

’’جمہوریت زندہ ہے، عوام کی امید زندہ ہے، اور پیپلز پارٹی کا نظریہ آج بھی تازہ دم ہے‘‘

تازہ ترین