• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے خلاف شکایت کنندہ پی ٹی آئی والے نکلیں گے، طلال چوہدری

طلال چوہدری(فائل فوٹو)۔
طلال چوہدری(فائل فوٹو)۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سامنے نہیں آئی مگر چھپ کر مقابلہ کیا، میرے خلاف شکایت کنندہ پی ٹی آئی والے نکلیں گے۔ 

پروگرام’’آج شاہ زیب خانزادہ کیساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ الیکشن کے دن کوئی بدمزگی نہیں ہوئی، کوئی ایک پولنگ اسٹیشن بتائیں جہاں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی ہو۔ 

طلال چوہدری نے کہا انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی، پی ٹی آئی کہتی ہے کہ پورا لاہور ان کا ہے تو پھر لوگ ان کیلئے ووٹ دینے نکلے کیوں نہیں؟ 

انھوں نے کہا پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا میں حکومت ہے، اپنی حکومت ہوتے ہوئے دھاندلی کیسے ہوسکتی ہے؟ لوگوں نے کام اور کارکردگی کو ووٹ دیا ہے۔ جو لوگ ہری پور میں نہیں جیت سکے وہ لاہورمیں جیتیں گے؟ چیزیں ریورس ہو رہی ہیں، لوگ پی ٹی آئی سے مایوس ہوئے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 13 سال میں خیبر پختونخوا کے لوگوں کو کیا دیا ہے؟ پی ٹی آئی نے ہزارہ اور ہری پور کے لوگوں کو کیا دیا ہے؟ خیبر پختونخوا میں الیکشن لڑنا اور پنجاب میں نہ لڑنا، یہ دہرا اصول کیوں ہے؟ 

طلال چوہدری نے کہا کہ جو ہری پور میں نہیں جیت سکے وہ پنجاب میں الیکشن لڑتے تو بری طرح ہار جاتے، پیپلز پارٹی کو پنجاب میں انتظامی اور ترقیاتی کاموں میں حصہ ملتا ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹوں کو کوئی روکے؟ 

انھوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کو کیوں مائنس کریں گے، ہمیں مستحکم حکومت چاہیے، مستحکم حکومت ہی بہتر فیصلے کرسکتی ہے، پیپلز پارٹی کو مائنس کرنے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ 

طلال چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے مشاورت کیساتھ چلتے ہیں، 26ویں ترمیم پر سب کو آن بورڈ لیا تھا، 26ویں ترمیم سب آن بورڈ تھے سب کی مانی گئی تھی، پیپلز پارٹی کے ساتھ چلتے رہیں گے کوئی ٹارگٹ نہیں کہ کسی کو نکالیں گے،  ایسی حکومت کرنا چاہتے ہیں جس میں سارے ساتھ چلیں۔ 

انھوں نے کہا کہ پشاور میں حملہ کرنے والے پاکستانی شہری نہیں تھے، ہمارے پاس شواہد موجود ہیں کہ ان دہشتگردوں کو فنڈنگ کہاں سے ہوتی ہے، افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ افغانستان میں 36 سے زیادہ انٹر نیشنل دہشتگرد گروپس ہیں جو پوری دنیا میں آپریٹ کر رہے ہیں، پاکستان میں حملے کرنے والے یہ دہشت گرد بھارت کی پراکسیز ہیں۔

قومی خبریں سے مزید