معروف موسیقار اور گلوکار ساحر علی بگّا نے اپنے نئے گیت ’مستانی‘ کا ٹیزر جاری کر دیا ہے، جس میں فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ صائمہ نور طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر اسکرین پر جلوہ گر ہو رہی ہیں۔
ٹیزر کے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے زبردست ردِعمل سامنے آیا ہے اور شائقین مکمل گانا سننے کے منتظر ہیں۔
’مستانی‘ صائمہ نور کی واپسی کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ویڈیو میں ان کا مرکزی کردار دیکھ کر اُن کے چاہنے والوں میں واضح خوشی دیکھی جا رہی ہے۔
گانے میں ساحر علی بگّا نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جبکہ افشاں فواد کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے، فیمیل ورژن نے اسے ایک خوبصورت اور جذباتی رنگ دیا ہے۔
دونوں گلوکاروں کی مشترکہ پرفارمنس گیت کے فلمی انداز کو مزید چار چاند لگا دیتی ہے۔
ساحر علی بگّا نے گانے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مستانی‘ پر کام کرنا میرے لیے ایک شاندار تجربہ رہا، صائمہ نور کی موجودگی نے اس ویڈیو کو ایک خوبصورت اور لازوال تاثر دیا ہے۔ افشاں فواد کی آواز نے اس گیت کو ایک جذباتی رنگ دیا ہے۔