• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی سپورٹ اس کو کہتے ہیں جو ن لیگ کو ملی، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عوامی سپورٹ اس کو کہتے ہیں، جو ہمیں ملی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پوری انتخابی مہم کے دوران کہیں نہیں گئیں۔ مریم نواز نے راولپنڈی میں الیکٹرک بس کا افتتاح کیا لیکن وہاں کوئی الیکشن نہیں تھا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بھی تمام ضمنی الیکشن لڑے اور جیتے، پبلک سپورٹ اس کو کہتے ہیں جو ن لیگ کو ملی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے خدمت کو ووٹ دیا، جن کا فوکس جلسے، جلوس اور مارکٹائی ہو لوگ انہیں ووٹ نہیں دیں گے۔

عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ ہری پور الیکشن میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی دھمکیوں کے باوجود لوگوں نے ن لیگ کوووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان خدمت اور کارکردگی کا مقابلہ ہونا چاہیے، پی ٹی آئی نے اپنے بانی کے نام پر ووٹ مانگا، جو ان کو نہیں ملا۔ پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات کا کوئی بائیکاٹ نہیں کیا تھا، پنجاب کے لوگوں نے پی ٹی آئی کو صاف جواب دیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید