وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوگئے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف 27 نومبر تک بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق یہ دورہ پاک بحرین دیرینہ اور ہمہ جہت تعلقات کی توثیق کرتا ہے، دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی شامل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور سینئر افسران بھی شامل ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف بحرین کی قیادت سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے، دورے کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی، تعلیم وثقافت میں تعاون بڑھانا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ روایتی طور پر گرم جوش، خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، وزیراعظم کا دورہ نئی شراکت داری کے امکانات کی نشاندہی اور عوامی روابط کو گہرا کرے گا۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ پاکستان بحرین مسلسل اور فعال سفارتی روابط جاری رکھنے کا عکاس ہے، ان روابط کا مقصد نتائج پر مبنی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔