بھارت کے معروف اداکار و کامیڈین کپل شرما نے کینیڈا میں اپنے کیفے پر ہونے والے فائرنگ کے واقعات پر ردعمل دے دیا۔
اپنی آنیوالی فلم ’کس کس کو پیار کروں 2 ‘ کے ٹریلر کی تعارفی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپل شرما نے کہا کہ میرے کیفے پر تین بار فائرنگ کی گئی اور یہ معاملہ کینیڈا کی پارلیمنٹ تک پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ وینکوور میں ہوا۔ وہاں پولیس کے پاس ایسی صورتحال پر قابو پانے کے لیے مناسب اختیارات نہیں ہیں۔ جیسے ہمارے پاس مرکزی حکومت ہے۔
بھارتی اداکار نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد کینیڈا کی حکومت نے شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے ہیں، میرا ماننا ہے کہ جو کچھ بھی خدا کرتا ہے، ہم اکثر اس کی کہانی نہیں سمجھتے، لیکن اس واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے حکام نے بہتری کے اقدامات شروع کیے ہیں۔
کپل شرما نے ممبئی میں اپنی حفاظت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی خود کو ممبئی یا اپنے ملک میں غیر محفوظ محسوس نہیں کیا، ممبئی پولیس جیسی کوئی نہیں۔
اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کپل شرما نے اختتام پر کہا کہ ہر فائرنگ کے بعد ہمارے کیفے میں گاہک بڑھ گئے۔ اگر خدا آپ کے ساتھ ہے، تو سب ٹھیک ہے۔
خیال رہے کہ کپل شرما کے کینیڈا میں کیفے کھولنے کے چند دنوں بعد جولائی میں فائرنگ کا پہلا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد 7 اگست اور 16 اکتوبر کو دو مزید حملے ہوئے تھے، تاہم ان واقعات میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔