وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اداروں اور شہریوں کے خلاف بندوق اٹھانے والوں سے بات کرنے کی ضرورت نہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اللّٰہ تعالی کے فضل و کرم سے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے کلین سوئپ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی کا سہرا نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو جاتا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمارے لیے سب سے زیادہ چیلنجنگ سیٹ ہری پور کی تھی، عمر ایوب ایک پرانی سیاسی شخصیت ہیں، ان کا مضبوط سیاسی گھرانہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی نے ہری پور میں جلسہ کیا تو کھلے عام دھمکیاں دیں، افسوس کی بات ہے سہیل آفریدی تقسیم کی بات کر رہے ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ پچھلے 15 سال سے تحریک انصاف صوبے پر حکومت کر رہی ہے، پی ٹی آئی نے صرف نفرت، گالم گلوچ اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ہمارے اداروں یا شہریوں کے خلاف بندوق اٹھائی ہے ان سے بات کرنے کی ضرورت نہیں۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ ہمارے شہریوں کا اور ہمارے جوانوں کا خون بہائیں اور ہم آپ کے ساتھ تجارت کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت طالبان رجیم کو ایک پراکسی کی طرح استعمال کررہا ہے، افغانستان کے جھوٹے پروپیگنڈے کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے جب بھی کوئی کارروائی کی وہ اپنے دفاع میں کی ہے اور اسے اون کیا۔