• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

4 بڑے سیلابوں سے کتنی تباہی ہوئی؟ مصدق ملک نے اعداد و شمار پیش کردیے

وفاقی وزیر سینیٹر مصدق ملک نے گزشتہ 4 بڑے سیلابوں سے ہونے والی تباہ کاریوں کے اعداد و شمار پیش کردیے۔

سینیٹر مصدق ملک نے پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ پینل ڈسکشن میں شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 4 بڑے سیلابوں میں 4700 جانیں ضائع ہوئیں، 18 ہزار افراد زخمی یا معذور اور 30 لاکھ شہری بے گھر ہوئے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان ہر سال سیلابی نقصانات سے ساڑھے 9 فیصد جی ڈی پی کھو دیتا ہے، فوری موسمیاتی اقدام نہ کیے گئے تو انسانی و معاشی نقصان ناقابل تلافی ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمالیائی گلیشیئر پگھلاؤ، بارشوں، دریائی بہاؤ اور نہری نظام بدل رہا ہے، موسمیاتی تبدیلی سے خوراک کا تحفظ سنگین خطرات سے دوچار ہے۔

سینیٹر مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا عالمی کاربن اخراج میں حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے، 2 پڑوسی ممالک 40 فیصد جبکہ 10 ممالک 70 فیصد عالمی اخراج کے ذمے دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی ناہمواری کا شکار پاکستان دنیا کے سب سے غیر محفوظ ممالک میں شامل ہے۔

قومی خبریں سے مزید