دیپیکا پڈوکون کے اسکن کیئر برانڈ کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے، اس کی آمدنی میں 30 فیصد کمی آئی ہے جبکہ مارکیٹنگ اخراجات 78 فیصد تک گھٹ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے اسکن کیئر برانڈ کی تازہ مالیاتی رپورٹ سامنے آ گئی، جس کے مطابق کمپنی کو رواں مالی سال ایک بار پھر کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے، اگرچہ خسارہ گزشتہ سال کے مقابلے میں کچھ کم ضرور ہوا ہے تاہم کمپنی کا 12 کروڑ 26 لاکھ روپے کا تازہ خسارہ سامنے آیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ منافع حاصل کرنے کے لیے اخراجات میں کمی کر رہی ہے جبکہ آمدنی بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہے، تاہم اب تک صورتِ حال میں قابلِ ذکر بہتری نہیں آ سکی ہے۔
دیپیکا پڈوکون کی کمپنی میں ان کے والد پرکاش پڈوکون ڈائریکٹر کے طور پر شامل ہیں، وزارتِ کارپوریٹ افیئرز میں جمع کروائی گئی تازہ فائلنگ کے مطابق کمپنی کو 25-2024ء میں 12.26 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے، اس کی آمدنی بھی 30 فیصد سے زائد گھٹ کر 21.21 کروڑ سے 14.66 کروڑ روپے رہ گئی ہے۔
گزشتہ مالی سال 24-2023ء میں کمپنی کو 23 کروڑ روپے سے زائد نقصان ہوا تھا، اس لحاظ سے نقصان میں کچھ کمی ضرور آئی ہے۔
انتظامیہ نے اخراجات کم رکھنے اور آمدنی بڑھانے کے اقدامات کیے ہیں جن کے باعث 25-2024ء میں مارکیٹنگ اخراجات 20 کروڑ روپے سے گھٹ کر صرف 4.4 کروڑ روپے رہ گئے یعنی ان میں 78 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، دوسری جانب مجموعی اخراجات بھی 47 کروڑ روپے سے کم ہو کر 26 کروڑ بھارتی روپے کے قریب رہ گئے۔
دیپیکا نے 2021ء میں اپنے لگژری اسکن کیئر برانڈ کو لانچ کیا تھا، جس میں 2500 بھارتی روپے سے زائد قیمت کی پریمیئم پراڈکٹس شامل ہیں جن کی بڑے پیمانے پر مارکیٹنگ کے باوجود یہ برانڈ تاحال ایک روپے کا بھی منافع نہیں کما سکا۔
دوسری جانب اس کے مقابلے میں اداکارہ کترینہ کیف کا 2019ء میں لانچ ہونے والا بیوٹی پراڈکٹ کا برانڈ مسلسل منافع کما رہا ہے اور اس کی سیلز میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔