• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا وزن میں کمی کیلئے ’اوزیمپک‘ کا استعمال کیا؟ شگفتہ اعجاز نے بتا دیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے وزن میں کمی کے لیے اوزیمپک کے استعمال سے متعلق تمام دعوؤں کو مسترد کر دیا۔ 

حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے اور اہلِ خانہ کے اچانک وزن میں کمی سے متعلق زیر گردش خبروں پر تبصرہ کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خبریں زیر گردش ہیں کہ شگفتہ اعجاز اور ان کے اہلِ خانہ نے وزن کم کرنے کے لیے ’اوزیمپک‘ نامی دوا کا استعمال کیا ہے۔


تاہم اب حالیہ انٹرویو کے دوران جب اسی حوالے سے اداکارہ سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ اتنے فارغ کیسے ہیں؟ مجھے تو حیرانی ہے کہ میڈیا چینلز نے بھی یہی پوسٹنگ کی ہوئی ہے، میں ان پر ہرجانے کا دعویٰ کر سکتی ہوں۔‘

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں نے وزن میں کمی کے لیے کبھی اوزیمپک کا استعمال نہیں کیا، لیکن لوگ اتنے فارغ ہیں کہ اس طرح کی گفتگو کر رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر میں اپنی زندگی کے بارے میں سوچوں تو میرے پاس اتنا وقت ہی نہیں ہوتا کہ میں کسی کی زندگی پر اُنگلی اٹھا سکوں، پھر لوگ اتنے فارغ کیسے رہ سکتے ہیں؟ اس بات کی اجازت ہمارا دین بھی نہیں دیتا کہ ہم دوسروں کی زندگیوں پر سوال کریں، تجسس کریں۔ لیکن اب تو یہ چیز فیشن بن گئی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے افسوس ہوتا ہے ایسے لوگوں پر جو اس طرح کی تصاویر لگا کر اس طرح کی باتیں پھیلا رہے ہیں۔ میں اور میری بیٹیاں زندگی کے ایک مشکل دور سے گزرے ہیں پھر ہم نے اس وزن میں کمی کے لیے بہت محنت کی ہے۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید