لالی ووڈ، بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں کام کرنے والے معروف پاکستانی اداکار علی خان نے اپنے بچوں کے شوبز میں آنے سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کر دیا۔
ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں نہیں چاہتا کہ میرے بچے اس فیلڈ میں آئیں، میں نے اس فیلڈ میں بہت محنت کی، تاکہ میرے بچوں کو یہ سب نہ کرنا پڑے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے لاء کا انتخاب کیا اور میں چاہتا ہوں کہ وہ اسی فیلڈ میں آگے بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ میری بیٹی کو اگرچہ آرٹس اور لٹریچر میں دلچسپی ہے، مگر ساتھ ہی وہ دیگر تعلیمی شعبوں میں بھی رجحان رکھتی ہے اور میں چاہتا ہوں کہ وہ انہی میں مستقبل بنائے۔
علی خان نے پاکستان، بھارت اور ہالی ووڈ تینوں انڈسٹریز کے درمیان بڑا فرق بھی بیان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے بڑی کمی وقت کی پابندی ہے۔ بھارت اور ہالی ووڈ میں باقاعدہ کال شیٹس بنتی ہیں اور سب لوگ وقت کے مطابق کام کرتے ہیں، اگر پاکستان میں بھی وقت کی پابندی کو اہمیت دی جائے تو انڈسٹری کا معیار کہیں زیادہ بہتر ہو سکتا ہے۔