بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بلیا میں شادی کی تقریب کے دوران اسٹیج اچانک گرنے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے متعدد رہنما زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع بلیا میں ایک شادی کی تقریب اس وقت حادثے میں بدل گئی جب اسٹیج اچانک گر گیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیاسی رہنما نو بیاہتا جوڑے کو مبارک باد دینے اور تصاویر بنوانے کے لیے اسٹیج پر موجود تھے۔
یہ واقعہ بی جے پی کے مقامی رہنما ابھیشیک سنگھ انجینئر کے بھائی کے ولیمے کی تقریب میں پیش آیا۔
اس موقع پر بی جے پی کے رہنما سنجے مشرا و دیگر لوگ بھی موجود تھے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شادی کی تقریب کے دوران اسٹیج پر موجود رہنما مسکراتے ہوئے جوڑے کو مبارکباد دے رہے تھے کہ چند ہی لمحوں میں پورا اسٹیج نیچے دھنس گیا اور اس پر موجود تمام افراد زمین پر جا گرے۔
اس دوران مہمانوں میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ زخمیوں کی مدد کے لیے دوڑ پڑے۔
واقعے کے فوراً بعد ماحول میں گھبراہٹ اور بے چینی دیکھنے میں آئی، جبکہ متعدد مہمانوں نے پیچھے ہٹ کر خود کو محفوظ کرنے کی کوشش کی۔