بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر الہٰ آباد (نیا نام پریاگ راج) میں ایک دلہن اپنی شادی میں بارات لےکر ناچتے گاتے پہنچ گئی، جسے دیکھ کر تمام مہمان حیران رہ گئے۔
اتر پردیش کے ضلع پریاگ راج کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں دلہن خود اپنی برات کی قیادت کر رہی ہے، جسے صارفین نے اس سیزن کی سب سے یادگار شادی قرار دیا۔
ویڈیو میں دلہن بھگی میں بیٹھی نظر آ رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ پوری برات بھی موجود ہے، روایتی طور پر برات دلہا لیکر آتا ہے، لیکن یہاں کردار بدل گئے اور دلہن نے مکمل اعتماد اور خوشی کے ساتھ اپنی زندگی کے اہم دن کو یادگار بنا دیا۔
خاص بات یہ ہے تنو نامی خاتون کی شادی کا ایک کارڈ بھی سوشل میڈیا پر شیئر ہورہا ہے، جس میں دلہن کی بارات روانگی کا ذکر بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق دلہن کے والد راجیش جیسوال کا کوئی بیٹا نہیں ہے اور انہوں نے اپنی پانچ بیٹیوں کو بیٹوں کی طرح پالا ہے۔ ان کا ہمیشہ سے یہ خواب تھا کہ ان کی بیٹی کی برات بھی دلہا کی شاندار انٹری جیسی ہو۔
اسی لیے شادی کے دن بینڈ اور مہمانوں کی آمد کے ساتھ ہی پریاگ راج کی گلیاں موسیقی سے جگمگا اُٹھیں۔ بارات کے ساتھ لوگ گانوں پر رقص کرنے لگے اور دلہن تنو اپنے برائیڈل ڈریس میں ہر لمحے کا لطف اُٹھاتی رہی۔