اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے برین، جنوبی نابلوس میں واقع ایک گھر پر صبح سویرے دھاوا بول دیا اور اس دوران دو فلسطینی بچوں خالد زین اور سلہام زین کو اغواء کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فورسز نے گھر میں گھس کر شدید خوف و ہراس پھیلایا، اہلِ خانہ کو زبردستی ایک کمرے میں بند کیا اور بچوں کو الگ کر کے ساتھ لے گئیں۔
چھاپے کی وجہ یا بچوں کی صورتحال کے بارے میں تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
مقامی رہائشیوں نے اس اقدام کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بچوں کی گرفتاریوں اور اجتماعی سزا کی پالیسی کا تسلسل قرار دیا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیمیں پہلے ہی خبردار کر چکی ہیں کہ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران نابالغوں کے اغواء، بدسلوکی اور طویل حبسِ بے جا کے واقعات تشویشناک حد تک بڑھ چکے ہیں۔