• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمانتھا کے ساتھ شادی کے بعد راج کی سابقہ بیوی کی پہلی پوسٹ سامنے آگئی

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

جنوبی بھارت کی تیلگو اور تامل فلموں کی خوبرو اداکارہ سمانتھا رُتھ پرابھو اور مشہور ڈائریکٹر راج نیدیمورو نے تمام افواہوں کو ختم کرتے ہوئے گذشتہ روز اپنی شادی کی تصاویر جاری کر دیں۔

شادی کی تقریب تامل ناڈو کے کوئمبتور میں واقع ایشا یوگا سینٹر کے لنگا بھیروی مندر میں انجام پائی، جس میں صرف قریبی افراد شریک تھے۔

گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر دعوے کیے جا رہے تھے کہ دونوں بہت جلد نجی طور پر شادی کرنے والے ہیں۔ 

اسی دوران راج نیدیمورو کی سابقہ اہلیہ شیامالی ڈے نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مخفی پیغام شیئر کیا تھا، جس نے مداحوں میں نئی بحث چھیڑ دی۔

سمانتھا اور راج کی شادی کی تصاویر سامنے آتے ہی شیامالی ڈے نے انسٹاگرام پر پہلی پوسٹ شیئر کی، جس میں کائنات کی ایک تصویر موجود تھی۔ جس پر لکھا ہے ’’We Live Here‘‘ (ہم یہاں رہتے ہیں) اور تیر کی مدد سے ایک نقطے کی جانب اشارہ کیا گیا ہے۔

یہ منظر مشہور ’’پیل بلیو ڈاٹ‘‘ یعنی زمین کی اُس تاریخی تصویر سے خاصی مماثلت رکھتا ہے۔ پیل بلیو ڈاٹ زمین کی وہ یادگار تصویر ہے جو 14 فروری 1990 کو ناسا کے خلائی مشن ووئیجر 1 نے 6 ارب کلو میٹر سے زیادہ دُوری سے کھینچی تھی۔

اسی تصویر نے ماہرِ فلکیات کارل سیگن کی مشہور کتاب Pale Blue Dot کو عنوان دیا، جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ اس نقطے کو دوبارہ دیکھو، یہی ہمارا گھر ہے، یہی ہم ہیں۔

یہ تصویر انسانیت کی کائنات میں انتہائی معمولی حیثیت کی علامت سمجھی جاتی ہے اور فلسفیانہ طور پر یاد دلاتی ہے کہ کائناتی وسعتوں کے مقابلے میں انسان کتنا بےوقعت ہے۔

سمانتھا رُتھ پرابھو اور راج ندیمورو کی شادی کی خبر سامنے آتے ہی شیامالی ڈے کی نئی ’کائناتی‘ پوسٹ وائرل ہوگئی، جو ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید