• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی وومن ونگ فرانس کے زیراہتمام پارٹی کا 58واں یومِ تاسیس منایا گیا

پاکستان پیپلز پارٹی وومن ونگ فرانس کی صدر روحی بانو کی قیادت میں پارٹی کا 58واں یومِ تاسیس شاندار اور پُروقار انداز میں منایا گیا۔ 

تقریب میں پیپلز پارٹی کے جیالے کارکنوں نے بھرپور شرکت کر کے پارٹی سے اپنی والہانہ وابستگی کا اظہار کیا۔ 

تقریب کا آغاز شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی لازوال جدوجہد اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے سے ہوا۔

وومن ونگ فرانس کی جنرل سیکرٹری سارہ کرن، سینئر نائب صدر فرحت عاشق،  نائب صدر فرح کریم اور نائب صدر ستارہ شکیل نے اپنے خطاب میں بھٹو خاندان کی سیاسی جدوجہد، قربانیوں اور پاکستان کی جمہوریت کے استحکام کے لیے ان کی طویل خدمات پر روشنی ڈالی۔

روحی بانو نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن وہ سنگِ میل ہے جب شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی۔ یہ جدوجہد اور قربانیوں کی ایسی تاریخ ہے جو نہ تو مٹ سکتی ہے اور نہ ہی بھلائی جا سکتی ہے۔ 

انھوں نے کہا پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جس نے جمہوریت کے لیے خون کے نذرانے پیش کیے اور آج بھی بھٹو اور بے نظیر کا نظریہ پارٹی کارکنان کی رہنمائی کر رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر 58ویں یومِ تائسیس کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی صحت کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حق میں پُرجوش نعرے لگائے گئے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید