فرانسیسی خطروں کے کھلاڑی نے اپنا دوسرا بنجی جمپنگ ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔ فرانسوا میری ڈائیبن نامی اس شخص نے جسے بنجی جمپنگ کا شوق ہے، آٹھ سال کے دوران 16 مختلف کمرشل بنجی جمپنگ مقامات پر کود کر اس کھیل میں دوسرا گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کیا۔
فرانسوا میری ڈائیبن نے پہلا ریکارڈ اس طرح قائم کیا کہ اسکاٹ لینڈ کے کیلی کرینکی میں ہائی لینڈ فلنگ بنجی پر 24 گھنٹوں میں 765 بار بنجی جمپ کیا، جو کہ ہر دو منٹ میں ایک جمپ سے بھی زیادہ کی رفتار تھی۔
فرانسوا میری ڈائیبن نے اب ایک اور ریکارڈ بنایا جو کہ سب سے زیادہ کمرشل بنجی جمپنگ سائٹس پر جانے کا ہے۔ انہوں نے آٹھ سال کے عرصے میں 16 مختلف کمرشیل بنجی جمپنگ مقامات پر چھلانگ لگائی۔
اس دوران جن مقامات کا دورہ کیا ان میں آسٹریا کا روپرٹ ہرنر بنجی جمپنگ، کینیڈا کا گریٹ کینیڈین بنجی اور وسلر بنجی، ڈنمارک کا بنجی جمپ کوپن ہیگن، فن لینڈ کا اسکائی بریکرز، میکسیکو کا بنجی ٹیکوس، آئی بی او ایڈوانچرز اینڈ وائلڈ کینیان، نیپال کا دی لاسٹ ریزورٹ، ناروے میں ٹیلیمارک اوپلے ویسلر، جنوبی افریقہ کا بلوکرنس بنجی، سوئیڈن کا بنجی ایس ٹی ایچ ایل ایم، سوئٹزرلینڈ کا 007 بنجی ورزاسا، برطانیہ کا ہائی لینڈ فلنگ بنجی اور یوکے بنجی اور زیمبیا کے شییئر واٹر بنجی شامل ہے۔
فرانسوا میری ڈائیبن نے کہا کہ اس کے جمپ سے کیتھولک چیریٹی گروپ کیریٹاس کے لیے بھی پیسے جمع کیے گئے۔ گینیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اپنے شوق کے ساتھ ایک نیک مقصد کے لیے بھی کام کرنا چاہتا ہوں۔