دفتر خارجہ نے امریکی شہر ڈیلاویئر میں اسلحہ رکھنے اور حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار شخص کی پاکستانی نژاد ہونے کی تردید کر دی۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی شہر ڈیلاویئر میں گرفتار شخص پاکستانی نہیں ہے۔ امریکا میں گرفتار لقمان خان افغان ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ امریکی شہر ڈیلاویئر میں پاکستانی نژاد نوجوان لقمان خان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
لقمان خان کو 24 نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا، 25 برس کے ملزم کی گاڑی اور گھر سے بھاری اسلحہ، گولہ بارود برآمد کیا گیا تھا۔
ملزم نے ڈیلاویئر یونیورسٹی کے پولیس ڈیپارٹمنٹ پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا، ملزم کے قبضے سے حملے کی منصوبہ بندی کے نوٹس بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ملزم پر غیر قانونی مشین گن رکھنے اور حملے کی منصوبہ بندی کا الزام 26 نومبر کو عائد کیا گیا، ملزم کو11 دسمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔