امریکی گلوکارہ سبرینا کارپینٹر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے وائٹ ہاؤس کی ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں اپنا گانا استعمال کرنے پر برہم ہوگئیں۔
حال ہی میں وائٹ ہاؤس نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ٹرمپ انتظامیہ کے امیگریشن سے متعلق اُٹھائے گئے اقدامات کو دکھایا گیا ہے، اس ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں سبرینا کارپینٹر کا گانے’جونو‘ سنا جا سکتا ہے۔
امریکی گلوکارہ نے وائٹ ہاؤس کی اس ویڈیو پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ ویڈیو بری اور مکروہ ہے‘۔
سبرینا کارپینٹر نے مزید لکھا ’اپنے غیر انسانی ایجنڈے کو فائدہ پہنچانے کے لیے مجھے یا میری موسیقی کو استعمال نہ کریں‘۔
وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی پریس سیکریٹری ایبیگیل جیکسن نے جواب میں کہا کہ سبرینا کارپینٹر کے لیے ایک مختصر پیغام یہ ہے کہ ہم اپنے ملک سے خطرناک مجرم غیر قانونی قاتلوں اور جنسی زیادتی جیسے جرائم میں ملوث افراد کو ملک بدر کرنے پر معذرت نہیں کریں گے۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ کوئی بھی جو ان درندوں کا دفاع کرے گا وہ بیوقوف ہے۔
واضح رہے کہ سبرینا کارپینٹر سے پہلے بھی کئی گلوکار وائٹ ہاؤس کی ویڈیوز میں اپنے گانوں کے استعمال پر اعتراض اُٹھا چکے ہیں۔