• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی میں رس گلے ختم ہونے پر کرسیاں چل گئیں

بھارتی ریاست بہار میں شادی کی تقریب میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے ضلع بودھ گیا میں ایک شادی کی تقریب اس وقت میدانِ جنگ بن گئی جب دلہا اور دلہن کے اہلِ خانہ کے درمیان رس گلے کی کمی پر جھگڑا شروع ہو گیا۔

ہوٹل میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں پورا واقعہ ریکارڈ ہوا اور ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دونوں خاندانوں کو ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکتے، گھونسے مارتے اور دھکے دیتے دیکھا جاسکتا ہے، یہ واقعہ 29 نومبر کو اس ہوٹل میں پیش آیا جہاں دلہن کا خاندان بھی مقیم تھا۔

اطلاعات کے مطابق ابتدائی رسومات ادا کرنے کے بعد دلہا اور دلہن منڈپ کی طرف جا رہے تھے کہ اسی دوران رس گلے ختم ہونے پر تنازع کھڑا ہو گیا۔

جھگڑے کے بعد دلہن کے اہلِ خانہ نے دلہا کے خاندان کے خلاف جہیز کا مقدمہ درج کروا دیا، تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ پولیس نے بھی ابھی تک واقعے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید