• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹے میری شہرت سے لا علم تھے، پاپارازیوں کو فوٹو لیتے دیکھ کر حیران رہ جاتے: مادھوری ڈکشٹ

بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اپنے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے، بیٹوں آرین اور ریان کے ہمراہ—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اپنے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے، بیٹوں آرین اور ریان کے ہمراہ—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بالی ووڈ پر ایک لمبا عرصہ راج کرنے والی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے اپنی ذاتی زندگی کا ایک دلچسپ باب کھولا ہے، جب ان کے بیٹوں کو پہلی بار احساس ہوا کہ ان کی والدہ انڈسٹری کی ایک سپر اسٹار ہیں۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ چونکہ میرے بیٹے آریان اور ریان امریکا میں پلے بڑھے، وہ بھارت منتقل ہونے تک میری شہرت سے مکمل طور پر بے خبر تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی پوڈکاسٹ میں رنویر الہٰ بادیہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مادھوری نے بتایا کہ میرے بیٹوں کو میرے کام یا مشہور شخصیت ہونے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا، جب تک وہ بھارت واپس نہیں آ گئے۔

مادھوری ڈکشٹ نے وہ لمحہ بیان کیا جب ان کے بیٹوں نے پہلی بار ان کی شہرت کا سامنا کیا اور بتایا کہ ایک دن ہم سب مل کر فلم دیکھنے گئے اور جب ہم تھیٹر سے باہر نکلے تو پاپارازیوں نے تصویریں لینے کا سلسلہ شروع کر دیا، میرے بیٹے بہت حیران ہو کر مجھ سے پوچھنے لگے کہ ماما یہ سب کیا ہے؟

مادھوری نے بتایا کہ انہیں سمجھانا پڑا کہ میں ایک اداکارہ ہوں، اس کے بعد آہستہ آہستہ اسکول کے دوستوں کے ذریعے انہیں اپنی والدہ کی آئیکونک حیثیت کا اندازہ ہونے لگا۔

اداکارہ نے بتایا کہ میرے بچے کارٹونز اور سپر ہیرو فلمیں دیکھتے تھے اور پہلے انہیں ہندی نہیں آتی تھی، اب جب انہوں نے ہندی بولنا شروع کی ہے، تو وہ میری پرانی فلمیں دیکھ رہے ہیں، جب میرے بڑے بیٹے نے پہلی بار فلم ’دل تو پاگل ہے‘ دیکھی تو اسے یہ بہت پسند آئی اور اس نے مجھ سے پوچھا کہ میں نے یہ فلم اسے پہلے کیوں نہیں دکھائی تھی۔

واضح رہے کہ مادھوری ڈکشٹ اور ڈاکٹر شری رام نینے نے 1999ء میں شادی کی تھی اور وہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک امریکا میں مقیم رہے۔

وہ 2011ء میں ممبئی واپس آئے تاکہ ان کے بچے ہندوستانی ثقافت سے جڑ سکیں اور مادھوری اپنا کام دوبارہ شروع کر سکیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید