بھارتی نیشنل وومن کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان سمرتی مندھانا نے پالاش مچل کے ساتھ شادی موخر ہونے کے بعد اپنے سوشل میڈیا ہینڈل انسٹاگرام پر پہلی پوسٹ شیئر کی، جس میں مداحوں نے ان کی منگنی کی انگوٹھی نہ ہونے کا نوٹس لیا۔
واضح رہے کہ سمرتی اور پالاش مچل کی شادی 23 نومبر کو ہونا تھی، لیکن سمرتی کے والد کی طبعیت خراب ہونے کے باعث یہ تقریب موخر کر دی گئی تھی۔
سمرتی مندھانا نے شادی مؤخر ہونے کے تقریباً دو ہفتے بعد پہلی بار سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی۔ سمرتی نے جمعہ کو ایک کمپنی کے ساتھ پیڈ پارٹنرشپ میں ایک ویڈیو پوسٹ کی۔ ویڈیو میں انھوں نے اپنے کیریئر کے بارے میں بھی گفتگو کی۔
تاہم ان کے مداح زیادہ دلچسپی اس بات میں لے رہے تھے کہ وہ خوش نظر آ رہی تھیں۔ تاہم کچھ لوگوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ان کی منگنی کی انگوٹھی انگلی سے واضح طور پر غائب تھی، جبکہ دیگر نے حیران تھے کہ یہ ویڈیو کب شوٹ کی گئی ہوگی۔
ایک پرستار نے ان کی پوسٹ کے نیچے کمنٹ کیا، کیوں ایسا لگ رہا ہے کہ وہ اداس ہیں، جبکہ وہ مسکرا بھی رہی ہیں لیکن آواز اور آنکھیں اداس لگ رہی ہیں اور انھوں نے اپنی منگنی کی انگوٹھی نہیں پہن رکھی۔
یاد رہے کہ سمرتی کی شادی کے دن ان کے والد اچانک بیمار ہوئے اور انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ جبکہ پالاش بھی اگلے دن بیمار ہونے کے بعد اسپتال میں داخل ہوئے۔ اگرچہ دونوں کو اسپتال سے فارغ ہوگئے ہیں، مگر ابھی تک نئی شادی کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے۔
اس دوران یہ افواہیں بھی زیرگردش تھیں کہ شادی کو عارضی طور پر کیوں ملتوی کیا گیا، حالانکہ دونوں نے خود کچھ نہیں بتایا۔
دوسری جانب خاندانوں کا کہنا ہے جلد شادی کی نئی تاریخ مقرر ہو جائے گی۔