• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی خاتون کرکٹر سمرتی مندھانا کی آج ہونیوالی شادی اچانک ملتوی


—فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا
—فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی اسٹار اوپنر سمرتی مندھانا اور  مشہور گلوکار پالاش موچل کی شادی اچانک ملتوی کر دی گئی۔

 خاتون کرکٹر  سمرتی کے والد سرینواس مندھانا کو شادی کی تیاریوں کے دوران سانگلی کے سامڈول میں واقع ’مندھانا فارم ہاؤس‘ میں دل کا دورہ پڑا، جس کی تصدیق ان کے بزنس منیجر توہن مشرا نے کی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سرینواس مندھانا کو فوری طور پر سانگلی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔

سمرتی اور ان کے اہلِ خانہ اطلاع ملتے ہی اسپتال پہنچ گئے، ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت فی الحال مستحکم مگر زیرِ نگرانی ہے۔

اس واقعے کے بعد شادی کی آج ہونے والی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئیں، جبکہ شادی کی نئی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔

سمرتی کے منیجر کے مطابق صبح ناشتے کے دوران سمرتی کے والد کی طبیعت خراب ہوئی، پہلے ہمیں لگا معمولی مسئلہ ہے لیکن حالت بگڑنے لگی تو فوراً ایمبولینس بلا کر انہیں اسپتال لے جایا گیا۔

منیجر کا کہنا ہے کہ سمرتی اپنے والد سے بہت قریب ہیں، اسی لیے جب تک وہ مکمل صحت یاب نہیں ہو جاتے، شادی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

بعد ازاں شادی  کے لےی لگایا گیا سجاوٹ کا سامان  ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ دونوں خاندانوں نے میڈیا سے رازداری برتنے اور احترام کی اپیل کی ہے۔

خیال رہے کہ سمرتی مندھانا اور پالاش موچل کی شادی 23 نومبر یعنی آج  ہونی طے پائی تھی، جس میں قریبی عزیزوں کے ساتھ ویمنز ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کئی کھلاڑی بھی شریک تھیں۔ 

گزشتہ دنوں جوڑے کی ہلدی، مہندی اور دیگر رنگا رنگ تقریبات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہی تھیں، اب شادی کی باقی تقریبات سرینواس مندھانا کی مکمل صحت یابی تک مؤخر کر دی گئی ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید