وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے اب امکانات نہیں، بانی پی ٹی آئی صورت حال کو مزید خرابی کی طرف لے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو ایوان میں مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔ وزیراعظم کی پیشکش کو میں واپس تو نہیں لے سکتا اور نہ ہی انہوں نے واپس لیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ٹوئٹ کے بعد پیدا صورت کے بعد لگتا ہے کہ حالات مزید پیچیدہ ہوگئے ہیں، بانی پی ٹی آئی صورت حال کو مزید خرابی کی طرف لے گئے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سینیٹ اجلاس میں مطالبہ کیا جارہا تھا کہ کمیٹی ملاقات کے معاملے کو دیکھے، مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ کمیٹی بنائیں جس میں دونوں طرف سے ارکان ہوں، سینیٹ اجلاس میں مشال یوسف زئی کی گفتگو کے جواب میں بیان دیا تھا۔