سینئر پاکستانی اداکارہ اور سابق ریڈیو اناؤنسر پروین اکبر نے اپنی سخت مزاج ساس کے بارے میں دلچسپ انکشافات کر دیے۔
پروین اکبر نے حال ہی میں اپنی ساس کے سخت اور چالاک مزاج سے متعلق دلچسپ گفتگو کی، پروین اکبر 1969 سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا حصہ ہیں اور ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
وہ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں جبکہ ان کے بچے فیضان شیخ اور رابیہ کلثوم بھی شوبز سے وابستہ ہیں، پروین اکبر اکثر مارننگ شوز میں مدعو ہوتی ہیں جہاں وہ میڈیا سیلیبرٹیز اور اپنے خاندان کے بارے میں دو ٹوک رائے دیتی ہیں۔
ایک پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی ساس کے رویے کے بارے میں کہا کہ ہم نے اپنی ماں میں ایک بہترین بہو دیکھی، مائیں تو اپنی بیٹیوں کے لیے آئیڈیل ہوتی ہیں، اسی طرح جیسے میری نانی سخت تھیں، ویسے ہی میری ساس بھی سخت تھیں، وہ پنجابی تھیں تھوڑی چالاک، ایک ٹِپیکل پنجابی عورت، لیکن شادی میں کچھ چیزیں برداشت کرنی پڑتی ہیں اگر آپ ہاؤس وائف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر مسئلہ بناتی تھیں، مثال کے طور پر جب میں نے اپنے بڑے بیٹے کو تین سال کی عمر میں فرسٹ گریڈ میں داخل کرایا تو انہوں نے بڑا ہنگامہ کھڑا کر دیا کہ اتنی جلدی اسکول کیوں بھیج دیا؟ میں انہیں سمجھاتی رہتی تھی، وہ میرے شوہر سے بھی کہتی تھیں کہ مجھے سمجھائیں۔