• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس: متعدد ٹرالیز ایک ساتھ ایسكلیٹر سے گر کر خاتون سے ٹکرا گئیں

فوٹو ایکس اسکرین گریب
فوٹو ایکس اسکرین گریب

روس کے شہر چیلیابنسک کے الماز شاپنگ سینٹر میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک لاپرواہ سپر مارکیٹ ورکر کی وجہ سے بھاری بھرکم ٹرالیز بےقابو ہوکر ایک خاتون سے جا ٹکرائیں، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔

 اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون معمول کے مطابق ایسكلیٹر سے نیچے اتر رہی تھیں کہ اچانک اوپر سے ایک ٹرالی ان سے ٹکرا جاتی ہے۔

خاتون سنبھلنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن چند ہی لمحوں بعد ٹرالیز کا دوسرا جھٹکا انہیں دور جا پھینکتا ہے،  پھر یہی ٹرالیز شیشے کے دروازوں سے ٹکرا کر رکتی ہیں۔

ویڈیو میں ایک سپر مارکیٹ ورکر کو متعدد ٹرالیز ایسكلیٹر پر دھکیلتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ مبینہ طور پر اس نے ’’شارٹ کٹ‘‘ لینے کی کوشش کی اور حفاظتی پٹی کے بغیر ٹرالیز نیچے بھیج دیں، جس کے نتیجے میں یہ خطرناک حادثہ پیش آیا۔

یہ ورکر شاپنگ سینٹر میں صفائی کی کنٹریکٹ کمپنی کا ملازم بتایا جا رہا ہے۔

حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون نے فوری طور پر شکایت درج کرا دی ہے۔

روسی وزارتِ داخلہ کے مطابق اسپتال سے انہیں ایک زخمی خاتون کی رپورٹ موصول ہوئی جس کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ریٹیل چین نے کہا کہ متعلقہ ورکر نے سنگین حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کی۔

ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے کبھی بھی عملے کو ٹرالیز ایسكلیٹر سے نیچے اتارنے کی ہدایت نہیں دی، کیونکہ ان کے پاس اس مقصد کے لیے خصوصی آلات موجود نہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید