وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی لوگوں کی بانی کی نظر میں کوئی وقعت نہیں، پی ٹی آئی والے ابھی کسی غلط فہمی میں ہیں۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ‘ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ یہ لوگ خود بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کے لیے قانون میں دیے تقاضے پورے نہیں کیے جاتے، پی ٹی آئی خود صورتِ حال اس طرف لے جا رہی ہے کہ سیاسی شہید بن جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی پارلیمانی پارٹی نے ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا، حکم آیا کہ نہیں لڑیں گے، پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کی کوئی سیاسی وقعت نہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ سیاسی عمل کا حصہ بنیں، بانیٔ پی ٹی آئی ایسا نہیں چاہتے، سیاسی لوگوں کی بانی کی نظر میں کوئی وقعت نہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ابھی کسی غلط فہمی میں مبتلا ہیں، سیاسی جماعت سیاسی طریقے کے بجائے کسی اور طریقے سے چلے تو ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی کی سوچ ہےوہ پاکستان میں سری لنکا، بنگلا دیش، نیپال جیسا ماحول چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کی بقا اسی میں ہے جیسا بانیٔ ایم کیو ایم کے ساتھ ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی جماعت کے کچھ لوگ ان کے ساتھ مجبوری میں ہیں، پی ٹی آئی کے اپنے لوگ بانی کی سیاست سے تنگ ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی اپنی جماعت کو سیاسی جماعت کے طور پر نہیں چلا رہے، وقت آئے گا کہ لوگ خود ان سے علیحدگی اختیار کریں گے۔