وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کو بار بار مذاکرات کا کہا مگر سینئر لیڈر شپ نے جواب دیا کہ انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں، بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد مذاکرات شروع کرنے کا بتائیں گے۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر نے رانا ثناء اللّٰہ کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اب حکومت اور پی ٹی آئی میں ڈیڈ لاک ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے پارٹی کی اجازت سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے پاس طاقت ہی نہیں تو کیا ہم بغیر کسی انڈر اسٹینڈنگ کے بات کر رہے تھے، پی ٹی آئی کو یہ بھی کہا کہ اسپیکر ہاؤس جائیں ہم وہاں بات کرنے آ جاتے ہیں، ان کے سینئر لوگوں نے کہا کہ ہمیں بات کرنے کی اجازت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان نےکہا کہ ہماری بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کروائیں، ارکان نے کہا کہ ملاقات کروائیں تاکہ ہم بانیٔ پی ٹی آئی کو سمجھائیں، جیل اور باہر جو گفتگو ہو رہی تھی اس سے ڈیڈ لاک مزید واضح ہو گیا۔
پروگرام میں شریک پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پُرامید ہوں کہ کوئی راستہ نکلے گا کوئی سیاسی حل ڈھونڈ لیں گے، میری نظر میں بھی اس وقت مکمل ڈیڈ لاک ہے، ہم نے کہا کہ کچھ ایسا ماحول دیں جس سے لگے کہ آپ کے پاس اختیار ہے، بانیٔ پی ٹی آئی کی ہدایات کے بغیر مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے بیان سے پہلے بھی مہینہ مہینہ ملاقاتیں بند ہوتی تھیں، بشریٰ بی بی نے تو سیاسی بات نہیں کی، ان کی فیملی کو ملنے کیوں نہیں دیا جا رہا؟
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ میں نے ان کو کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو تمام سہولتیں مل رہی ہیں، ہم خود جیل میں فراہم کردہ سہولتیں دیکھنا چاہتے ہیں، کہا کہ میری سربراہی میں کمیٹی بنے جو جیل جائے، ایسا تو ممکن نہیں، بشریٰ بی بی سے متعلق میری معلومات ہیں کہ ان کی ملاقاتیں نہیں روکی گئیں۔
مشیر وزیرِ اعظم نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ سیاست کی ہے، لوگ اسٹیبلشمنٹ سے نفرت کرتے ہیں لیکن افواجِ پاکستان سے محبت کرتے ہیں، تحریکِ انصاف اس بات میں فرق نہیں رکھتی، افواج کے خلاف بات کرتی ہے، پی ٹی آئی کا کوئی وفد کسی شہید کے جنازے اور نہ تعزیت کے لیے گیا، بھارتی میڈیا کو انٹرویوز اور گفتگو سے پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سیاست نہیں محاذ آرائی کر رہے ہیں اور افواجِ پاکستان کے خلاف کر رہے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی بھی بانیٔ متحدہ والے انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔