پشاور( کرائم رپورٹر) پشاورچارسدہ روڈ پر دس روز قبل بس سٹینڈ کے قریب دھماکہ میں زخمی ہونے والا ٹریفک اہلکار سجاد خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا شہید اہلکار کو آبائی علاقہ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ہے29جولائی کو نامعلوم دہشت گردوں نے چارسدہ بس اڈہ کے سامنے یوٹرن کو بند کرنے کےلئے رکھے گئے سیمنٹ کے بلاک میں ڈیڑھ کلو گرام وزنی بم نصب کیا تھا علی الصبح ٹریفک وارڈن اہلکار سجاد خان جب ڈیوٹی کےلئے آیا تو اس دوران ان کی ڈیوٹی پوائنٹ کے قریب رکھا گیا بم زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں اہلکار سجاد خان سمیت 7افراد زخمی ہوئے تھے ، 11روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد پیر کے روز اہلکار سجاد خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں دم توڑ گئے شہید اہلکار کی نماز جنازہ آبائی گاؤں میں ادا کردی گئی ہے جس میں ٹریفک و پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی بعد ازاں انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔