پشاور(نیوز ڈیسک)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شہزادی بانڈہ ضلع کوہاٹ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی خاطر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے اوراس ضمن میں 5200کنال رقبہ کواس مقصد کے لئے مختص کرکے اس پر سیکشن فور ( 4)لگا دیا گیا ہے جبکہ مذکورہ انڈسٹریل اسٹیٹ کو کامیاب بنانے اور صنعتکاروںکو سہولیات کی فراہمی کیلئے منی ائیرپورٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہاہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کوہاٹ قدرتی وسائل سے مالا مال ضلع ہے اور صنعتوں کے قیام سے ضلع کوہاٹ نہ صرف ترقی کرے گا بلکہ اسکے مثبت اثرات پورے صوبے پر پڑیں گے جس سے دیگر اضلاع بھی مستفید ہونگے۔انہوں نے کہا نوجوان نسل کو تکنیکی مہارت کی فراہمی موجودہ حکومت کا اولین مقصد ہے یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی بھی اپنے منشورکے مطابق بے روزگار افرادکو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سرگرم عمل ہے اور ان امور کی انجام دہی کوہاٹ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے ذریعے ممکن ہو گی۔امتیاز قریشی نے کہا کہ ضلع کوہاٹ آئل اور گیس کے ذخائر سے لبریز ضلع ہے اور انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے نہ صر ف ہزاروںافرادکو تربیت کے مواقع میسر آئینگے بلکہ انہیں نوکریوںکا حصول ممکن بنا کر علاقہ میں انقلابی سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ ترقی کے نئے دور کی بنیاد رکھ دی جائے گی۔