• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

16دسمبر ملکی تاریخ کا سب سے المناک دن ہے‘ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب

ملتان (سٹا ف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، فیڈرل کونسل کے رکن اور جنوبی پنجاب کے چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادر شاہین، سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم اور میڈیا کوارڈینیٹر جنوبی پنجاب محمد سلیم مغل نے 16 دسمبر کو ملکی تاریخ کا سب سے المناک دن قرار دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ اور سانحہ آرمی پبلک اسکول جیسے دل دہلا دینے والے واقعات قوم کے لیے ایسے سبق آموز باب ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن نہ صرف ہماری اجتماعی کوتاہیوں کا غماز ہے بلکہ اس بات کا عکاس بھی ہے کہ قومی مفادات کو پسِ پشت ڈالنے کا انجام کتنا بھیانک ہو سکتا ہے،پارٹی رہنماوں نے کہا کہ 16دسمبر 1971 کو پاکستان دو لخت ہوا، اور 16دسمبر 2014کو معصوم بچوں کے خون سے پشاور کی سرزمین رنگین ہوئی۔ ان دونوں سانحات کے پیچھے دشمن کی سازشیں اور ہماری اپنی کوتاہیاں شامل تھیں۔ اگر ماضی کے ان المناک واقعات سے سبق سیکھا جاتا تو آج پاکستان کو کشمیر، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں دشمن کی سازشوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا،عبدالقادر شاہین نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ جیسے واقعات سے سبق نہ لینے والے حکمران امت مسلمہ کو مایوس کر چکے ہیں۔ کشمیر اور فلسطین کے مسائل پر مسلم حکمرانوں کی بے حسی عالمی استعماری قوتوں کی سازشوں کو مزید تقویت دے رہی ہے،خواجہ رضوان عالم نے اس بات پر زور دیا کہ سانحہ مشرقی پاکستان سے سبق سیکھتے ہوئے ہمیں موجودہ سیاسی، لسانی اور مذہبی تعصبات کو ختم کرنا ہوگا۔ اتحاد و اتفاق کے ساتھ اسلامی اصولوں کی روشنی میں ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کی جدوجہد کو آگے بڑھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔